الحاد
﷽ الحاد، اخلاق اور انکار! ( ڈاکٹر اظہر وحید ) گزشتہ ماہ قصور میں پنجاب کالج میں اساتذہ کرام کے ساتھ گفتگو کی ایک نشست کا موقع ملا۔ اساتذہ سے گفتگو ہمیشہ دل کو بھاتی ہے۔ یہ غور وفکر کرنے والے لوگ ہوتے ہیں۔ نوجوان اساتذہ کی جانب سے بہت ہی عمدہ سوالات اٹھائے گئے۔ ایک نوجوان ٹیچر کا سوال تھا:” آج کل تعلیم یافتہ طبقہ مائل بہ الحاد کیوں ہو رہا ہے؟ جسے دیکھو وہ یہی کہتا ہے کہ میں ایک کریٹکل تھنکر ہوں، اس لیے کسی مذہب کو نہیں مانتا۔ کیا ہر سوچنے والا انسان مذہب سے فرار ہو جاتا ہے؟ کیا روایت پرست طبقہ ہی مذہب پرست ہوتا ہے؟ اساتذہ سے اس موضوع پر کافی سیر حاصل گفتگو رہی۔ اس گفتگو کے چنیدہ نکات ایک کالم کی صورت میں قارئین کی ضیافتِ خیال کے لیے پیش کیے دیتے ہیں، تاکہ سندرہیں اور بوقتِ ضرورت کسی کے کام آئیں۔ دراصل اقرارِ وجودِ خدا انسان پر کچھ اخلاقی حدود و قیود عائد کرتا ہے۔ دنیا کا کوئی مذہب بھی ہو، اس کی بنیاد میں کچھ اخلاقی اور روحانی قدریں ضرور موجود ہوتی ہیں۔ وہ انسان جو کسی...